زبور 21:1-13
موسیقار کے لیے۔ داؤد کا نغمہ۔
21 اَے یہوواہ! بادشاہ تیری طاقت کی وجہ سے خوش ہوتا ہے؛وہ تیرے نجاتبخش کاموں کی وجہ سے باغ باغ ہوتا ہے!
2 تُو نے اُس کے دل کی مُراد پوری کی ہے؛تُو نے اُس کے ہونٹوں کی درخواست پوری کرنے سے اِنکار نہیں کِیا۔ (سِلاہ)
3 تُو اُسے بےشمار برکتوں سے نوازتا ہےاور اُس کے سر پر خالص سونے کا تاج پہناتا ہے۔
4 اُس نے تجھ سے زندگی مانگی اور تُو نے اُسے عطا کی؛ایک لمبی زندگی، ہاں، ہمیشہ کی زندگی۔
5 تیرے نجاتبخش کاموں کی وجہ سے اُسے بڑی عزت ملتی ہے۔
تُو اُس پر عظمت اور شانوشوکت نچھاور کرتا ہے۔
6 تُو اُسے ہمیشہ برکتیں دیتا رہے گا؛تیرے ساتھ* کی وجہ سے اُسے خوشی ملتی ہے
7 کیونکہ بادشاہ یہوواہ پر بھروسا کرتا ہے؛خدا تعالیٰ کی اٹوٹ محبت کی وجہ سے اُسے کبھی ہلایا نہیں جائے گا۔*
8 تیرا ہاتھ تیرے سارے دُشمنوں کو پکڑ لے گا؛تیرا دایاں ہاتھ اُن لوگوں کو پکڑ لے گا جو تجھ سے نفرت کرتے ہیں۔
9 جب تُو مقررہ وقت پر اُنہیں جانچے گا تو تُو اُنہیں جلتی ہوئی بھٹی کی طرح بنا دے گا۔
یہوواہ غصے میں اُنہیں نگل جائے گا اور آگ اُنہیں بھسم کر دے گی۔
10 تُو اُن کی اولاد* کو زمین سے مٹا دے گااور اُن کی نسل کو اِنسان کے بیٹوں میں سے
11 کیونکہ اُنہوں نے تیرے خلاف بُرائی کرنے کا اِرادہ کِیا؛اُنہوں نے تیرے خلاف سازشیں گھڑیں جو کامیاب نہیں ہوں گی
12 کیونکہ تُو اپنی کمان سے اُن پر* نشانہ باندھے گااور اُنہیں اُلٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کر دے گا۔
13 اَے یہوواہ! اُٹھ! اپنی طاقت دِکھا!
ہم تیری قوت کی تعریف میں گیت گائیں گے۔*
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”چہرے“
^ یا ”وہ کبھی نہیں ڈگمگائے گا۔“
^ لفظی ترجمہ: ”پھل“
^ لفظی ترجمہ: ”اُن کے چہروں پر“
^ لفظی ترجمہ: ”میں گائیں گے اور موسیقی بجائیں گے۔“