لُوقا 3‏:1‏-‏38

  • یوحنا نے اپنا کام کب شروع کِیا؟ (‏1، 2‏)‏

  • یوحنا، بپتسمے کی مُنادی کرتے ہیں (‏3-‏20‏)‏

  • یسوع کا بپتسمہ (‏21، 22‏)‏

  • یسوع مسیح کا نسب‌نامہ (‏23-‏38‏)‏

3  تِبریُس قیصر کی حکومت کے پندرہویں سال میں جب پُنطیُس پیلاطُس، یہودیہ کا حاکم تھا اور ہیرودیس،‏*‏ گلیل کا حاکم تھا اور اُس کا بھائی فِلپّس، اِتوریہ اور تراخونیتس کا حاکم تھا اور لِسانیاس، ابِلینے کا حاکم تھا 2  یعنی اعلیٰ کاہن حنّا اور کائفا کے زمانے میں، زکریاہ کے بیٹے یوحنا کو ویرانے میں خدا کی طرف سے پیغام ملا۔‏ 3  لہٰذا یوحنا دریائے‌اُردن*‏ کے پورے علاقے میں جا کر مُنادی کرنے لگے کہ لوگ بپتسمہ لیں تاکہ ظاہر ہو کہ اُنہوں نے اپنے گُناہوں سے توبہ کر لی ہے اور وہ معافی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ 4  اِس طرح وہ پیش‌گوئی پوری ہوئی جو یسعیاہ نبی کی کتاب میں لکھی تھی:‏ ”‏ویرانے میں کوئی پکار رہا ہے کہ ”‏یہوواہ*‏ کا راستہ تیار کرو۔ اُس کی راہ ہموار کرو۔ 5  ہر ایک وادی بھر دی جائے، ہر ایک پہاڑ اور ٹیلہ گِرا کر برابر کر دیا جائے، بل کھاتی سڑکیں سیدھی کر دی جائیں اور ناہموار راستے ہموار کر دیے جائیں 6  اور سب اِنسان اُس کو دیکھیں جس کے ذریعے خدا نجات دِلائے گا۔“‏ “‏* 7  بہت سارے لوگ یوحنا کے پاس بپتسمہ لینے کے لیے آتے تھے۔ یوحنا اُن سے کہتے تھے:‏ ”‏سانپ کے بچو!‏ تمہیں آنے والے عذاب سے بچنے کا مشورہ کس نے دیا ہے؟ 8  اب ایسے کام کرو*‏ جن سے ثابت ہو کہ تُم نے توبہ کر لی ہے۔ یہ مت سوچو کہ ”‏ہمارے باپ تو ابراہام ہیں“‏ کیونکہ مَیں تُم سے کہتا ہوں کہ خدا اِن پتھروں سے بھی ابراہام کے لیے اولاد پیدا کر سکتا ہے۔ 9  دراصل کلہاڑا درختوں کو جڑ سے کاٹنے کے لیے تیار پڑا ہے۔ جو درخت اچھا پھل نہیں لاتا، اُسے کاٹ ڈالا جائے گا اور آگ میں پھینکا جائے گا۔“‏ 10  لوگ یوحنا سے پوچھتے:‏ ”‏تو پھر ہمیں کیا کرنا چاہیے؟“‏ 11  وہ جواب دیتے:‏ ”‏جس آدمی کے پاس دو کُرتے ہیں،‏*‏ وہ ایک اُس کو دے جس کے پاس کوئی کُرتا نہیں اور جس کے پاس کھانا ہے، وہ بھی دوسروں کو دے۔“‏ 12  یہاں تک کہ ٹیکس وصول کرنے والے بھی بپتسمہ لینے کے لیے اُن کے پاس آتے اور پوچھتے:‏ ”‏اُستاد، ہمیں کیا کرنا چاہیے؟“‏ 13  وہ اُن سے کہتے:‏ ”‏لوگوں سے ٹیکس کی مقررہ رقم سے زیادہ نہ لیں۔“‏ 14  فوجی بھی اُن سے پوچھتے:‏ ”‏ہمیں کیا کرنا چاہیے؟“‏ وہ اُن سے کہتے:‏ ”‏کسی کو دھمکائیں نہیں*‏ اور نہ ہی کسی پر جھوٹے اِلزام لگائیں بلکہ آپ کو گزربسر کے لیے جو کچھ فراہم کِیا جاتا ہے، اُسی پر راضی رہیں۔“‏ 15  اُس وقت لوگ مسیح کا اِنتظار کر رہے تھے اور دل ہی دل میں یوحنا کے بارے میں سوچ رہے تھے کہ ”‏شاید یہی مسیح ہیں۔“‏ 16  اِس لیے یوحنا نے اُن سب سے کہا:‏ ”‏مَیں آپ کو پانی سے بپتسمہ دیتا ہوں۔ لیکن ایک ایسا شخص آ رہا ہے جو مجھ سے زیادہ طاقت‌ور ہے۔ مَیں تو اِس لائق بھی نہیں کہ اُس کے جُوتوں کے تسمے کھولوں۔ وہ آپ کو پاک روح اور آگ سے بپتسمہ دے گا۔ 17  اُس کا چھاج*‏ اُس کے ہاتھ میں ہے اور وہ اپنا کھلیان بالکل صاف کر دے گا۔ وہ اپنی گندم گودام میں جمع کرے گا لیکن بھوسے کو ایسی آگ میں جلائے گا جسے بجھایا نہیں جا سکتا۔“‏ 18  یوحنا لوگوں کو اَور بھی بہت سی ہدایتیں دیتے رہے اور اُن کو خوش‌خبری سناتے رہے۔ 19  اُنہوں نے گلیل کے حاکم ہیرودیس کو بھی ٹوکا کیونکہ اُس نے اپنے بھائی کی بیوی ہیرودیاس سے شادی کی تھی اور اِس کے علاوہ بھی بہت سے بُرے کام کیے تھے۔ 20  اِس پر ہیرودیس نے یوحنا کو قیدخانے میں ڈال کر اپنے بُرے کاموں میں اِضافہ کر لیا۔‏ 21  جب لوگ بپتسمہ لے رہے تھے تو یسوع نے بھی بپتسمہ لیا۔ پھر جب یسوع دُعا کر رہے تھے تو آسمان کُھل گیا 22  اور پاک روح کبوتر کی شکل میں اُن پر اُتری اور آسمان سے یہ آواز سنائی دی:‏ ”‏تُم میرے پیارے بیٹے ہو، مَیں تُم سے خوش ہوں۔“‏ 23  جب یسوع نے تعلیم دینا شروع کِیا تو وہ تقریباً 30 (‏تیس)‏ سال کے تھے۔ اُن کے بارے میں خیال کِیا جاتا تھا کہ وہ یوسف کے بیٹے ہیںجو عیلی کے بیٹے تھے 24  جو متات کے بیٹے تھےجو لاوی کے بیٹے تھےجو مَلکی کے بیٹے تھےجو ینّا کے بیٹے تھےجو یوسف کے بیٹے تھے 25  جو متتیاہ کے بیٹے تھےجو عاموس کے بیٹے تھےجو ناحوم کے بیٹے تھےجو اسلیاہ کے بیٹے تھےجو نوگہ کے بیٹے تھے 26  جو ماعت کے بیٹے تھےجو متتیاہ کے بیٹے تھےجو شمعی کے بیٹے تھےجو یوسیخ کے بیٹے تھےجو یوداہ کے بیٹے تھے 27  جو یوحنا کے بیٹے تھےجو ریسا کے بیٹے تھےجو زرُبابل کے بیٹے تھےجو سیالتی‌ایل کے بیٹے تھےجو نیری کے بیٹے تھے 28  جو مَلکی کے بیٹے تھےجو ادی کے بیٹے تھےجو قوسام کے بیٹے تھےجو اِلمودام کے بیٹے تھےجو عیر کے بیٹے تھے 29  جو یسوع کے بیٹے تھےجو اِلیعزر کے بیٹے تھےجو یوریم کے بیٹے تھےجو متات کے بیٹے تھےجو لاوی کے بیٹے تھے 30  جو شمعون کے بیٹے تھےجو یہوداہ کے بیٹے تھےجو یوسف کے بیٹے تھےجو یونام کے بیٹے تھےجو اِلیاقیم کے بیٹے تھے 31  جو ملیاہ کے بیٹے تھےجو مناہ کے بیٹے تھےجو متتاہ کے بیٹے تھےجو ناتن کے بیٹے تھےجو داؤد کے بیٹے تھے 32  جو یسی کے بیٹے تھےجو عوبید کے بیٹے تھےجو بوعز کے بیٹے تھےجو سلمون کے بیٹے تھےجو نحسون کے بیٹے تھے 33  جو عمینَداب کے بیٹے تھےجو ارنی کے بیٹے تھےجو حصرون کے بیٹے تھےجو فارص کے بیٹے تھےجو یہوداہ کے بیٹے تھے 34  جو یعقوب کے بیٹے تھےجو اِضحاق کے بیٹے تھےجو ابراہام کے بیٹے تھےجو تارح کے بیٹے تھےجو نحور کے بیٹے تھے 35  جو سروج کے بیٹے تھےجو رعو کے بیٹے تھےجو فلج کے بیٹے تھےجو عبر کے بیٹے تھےجو سلح کے بیٹے تھے 36  جو قینان کے بیٹے تھےجو ارفکسد کے بیٹے تھےجو سم کے بیٹے تھےجو نوح کے بیٹے تھےجو لمک کے بیٹے تھے 37  جو متوسلح کے بیٹے تھےجو حنوک کے بیٹے تھےجو یارِد کے بیٹے تھےجو مہلل‌ایل کے بیٹے تھےجو قینان کے بیٹے تھے 38  جو انوس کے بیٹے تھےجو سیت کے بیٹے تھےجو آدم کے بیٹے تھےجو خدا کے بیٹے تھے۔‏

فٹ‌ نوٹس

یعنی ہیرودیس انتپاس۔ ”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏دریائے‌یردن“‏
‏”‏الفاظ کی وضاحت‏“‏ کو دیکھیں۔‏
یا ”‏سب اِنسان خدا کی نجات کو دیکھیں۔“‏
یونانی میں:‏ ”‏ایسے پھل پیدا کرو“‏
یا ”‏ایک اَور کُرتا ہے“‏
یا ”‏کسی سے ناحق پیسے نہ بٹوریں“‏
یا ”‏ترنگلی۔“‏ ایک قسم کا شاخ‌دار بیلچہ جو گندم کو بھوسے سے الگ کرنے کے لیے اِستعمال ہوتا ہے۔‏