مُکاشفہ 3:1-22
3 سردیس کی کلیسیا* کے فرشتے کو یہ لکھیں: جس شخص کے پاس خدا کی سات روحیں اور سات ستارے ہیں، وہ کہتا ہے کہ ”مَیں آپ کے کاموں کو جانتا ہوں۔ آپ تو بس نام کے زندہ ہیں لیکن اصل میں مُردہ ہیں۔
2 چوکس ہو جائیں اور جو کچھ باقی رہ گیا ہے اور مرنے والا ہے، اُسے مضبوط کریں کیونکہ مَیں نے دیکھا ہے کہ آپ نے میرے خدا کے حضور اپنے کام مکمل نہیں کیے۔
3 اِس لیے یاد کریں کہ آپ کو کیا ملا تھا اور آپ نے کیا سنا تھا اور اِس پر عمل کرتے رہیں اور توبہ کریں۔ اگر آپ نہیں جاگیں گے تو بےشک مَیں ایک چور کی طرح آؤں گا۔ آپ کو بالکل پتہ نہیں چلے گا کہ مَیں کس وقت آپ کے سر پر آ پہنچوں گا۔
4 لیکن سردیس میں آپ کے پاس کچھ لوگ* ہیں جنہوں نے اپنے کپڑے ناپاک نہیں کیے۔ وہ سفید کپڑوں میں میرے ساتھ چلیں گے کیونکہ وہ اِس لائق ہیں۔
5 جو جیتے گا، اُسے سفید کپڑے پہنائے جائیں گے اور مَیں اُس کے نام کو زندگی کی کتاب سے ہرگز نہیں مٹاؤں گا بلکہ مَیں اپنے باپ اور اُس کے فرشتوں کے سامنے اُس کے نام کا اِقرار کروں گا۔
6 جس کے کان ہیں، وہ سنے کہ روح کلیسیاؤں سے کیا کہہ رہی ہے۔“
7 فِلدلفیہ کی کلیسیا کے فرشتے کو یہ لکھیں: جو شخص مُقدس اور سچا ہے، جس کے پاس داؤد کی چابی ہے، جو دروازہ کھولتا ہے کہ اِسے بند نہ کِیا جائے، جو دروازہ بند کرتا ہے کہ اِسے کھولا نہ جائے، وہ کہتا ہے کہ
8 ”مَیں آپ کے کاموں کو جانتا ہوں۔ دیکھیں! مَیں نے آپ کے سامنے ایک دروازہ کھولا ہے جسے کوئی بند نہیں کر سکتا۔ مَیں جانتا ہوں کہ آپ میں تھوڑی سی طاقت تو ہے اور آپ نے میری باتوں پر عمل کِیا ہے اور مجھ* سے بےوفائی نہیں کی۔
9 دیکھیں! جو لوگ شیطان کی جماعت کے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ یہودی ہیں لیکن ہیں نہیں بلکہ جھوٹ بول رہے ہیں، مَیں اُن کو لاؤں گا اور آپ کے قدموں پر جھکاؤں گا* اور اُن کو بتاؤں گا کہ مَیں نے آپ سے محبت کی ہے۔
10 جو کچھ آپ کو میری ثابتقدمی کے بارے میں بتایا گیا تھا، آپ نے اُس پر عمل کِیا ہے۔* اِس لیے مَیں آپ کو آزمائش کی اُس گھڑی* سے بچاؤں گا جو پوری دُنیا پر آنے والی ہے تاکہ زمین پر رہنے والوں کو آزمایا جائے۔
11 مَیں جلد آ رہا ہوں۔ وہ سب کچھ تھامے رکھیں جو آپ کے پاس ہے تاکہ کوئی آپ کا تاج چھین نہ لے۔
12 جو جیتے گا، اُس کو مَیں اپنے خدا کی ہیکل* کا ایک ستون بناؤں گا اور وہ آئندہ کبھی وہاں سے باہر نہیں جائے گا اور مَیں اُس پر اپنے خدا کا نام لکھوں گا اور اپنے خدا کے شہر یعنی نئے یروشلیم کا نام بھی جو میرے خدا کی طرف سے آسمان سے اُتر رہا ہے۔ اور مَیں اُس پر اپنا نیا نام بھی لکھوں گا۔
13 جس کے کان ہیں، وہ سنے کہ روح کلیسیاؤں سے کیا کہہ رہی ہے۔“
14 لودیکیہ کی کلیسیا کے فرشتے کو یہ لکھیں: جو شخص آمین ہے، جو وفادار اور سچا گواہ ہے اور جو خدا کی بنائی ہوئی چیزوں کی اِبتدا ہے، وہ کہتا ہے کہ
15 ”مَیں آپ کے کاموں کو جانتا ہوں کہ آپ نہ تو ٹھنڈے ہیں اور نہ ہی گرم۔ کاش کہ آپ ٹھنڈے ہوتے یا پھر گرم۔
16 چونکہ آپ نہ تو گرم ہیں اور نہ ہی ٹھنڈے بلکہ نیمگرم ہیں اِس لیے مَیں آپ کو اپنے مُنہ سے اُگلنے والا ہوں۔
17 آپ کہتے ہیں کہ ”مَیں امیر ہوں اور مَیں نے مالودولت جمع کِیا ہے اور مجھے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے“ لیکن آپ کو پتہ نہیں کہ آپ مصیبت کے مارے اور قابلِترس اور غریب اور اندھے اور ننگے ہیں۔
18 اِس لیے مَیں آپ کو مشورہ دیتا ہوں کہ مجھ سے ایسا سونا خرید لیں جسے تپا تپا کر خالص کِیا گیا ہے تاکہ آپ امیر بن جائیں؛ مجھ سے سفید کپڑے خرید لیں تاکہ آپ کچھ پہن لیں اور دوسرے آپ کو ننگا نہ دیکھیں اور آپ کو شرمندہ نہ ہونا پڑے؛ مجھ سے اپنی آنکھوں میں ڈالنے کے لیے مرہم بھی خرید لیں تاکہ آپ دیکھ سکیں۔
19 مَیں اُن سب کی درستی اور اِصلاح کرتا ہوں جن سے مَیں پیار کرتا ہوں۔ اِس لیے جوش سے کام لیں اور توبہ کریں۔
20 دیکھیں! مَیں دروازے پر کھڑا ہوں اور کھٹکھٹا رہا ہوں۔ اگر کوئی میری آواز سُن کر دروازہ کھولے گا تو مَیں اُس کے گھر میں داخل ہوں گا اور اُس کے ساتھ شام کا کھانا کھاؤں گا اور وہ میرے ساتھ کھانا کھائے گا۔
21 جو جیتے گا، اُسے مَیں اپنے ساتھ اپنے تخت پر بیٹھنے کا شرف عطا کروں گا، بالکل ویسے ہی جیسے مَیں جیت کر اپنے باپ کے ساتھ اُس کے تخت پر بیٹھ گیا ہوں۔
22 جس کے کان ہیں، وہ سنے کہ روح کلیسیاؤں سے کیا کہہ رہی ہے۔“ “
فٹ نوٹس
^ یا ”جماعت“
^ یونانی میں: ”نام“
^ یونانی میں: ”میرے نام“
^ یا ”آپ کی تعظیم کراؤں گا“
^ یا شاید ”آپ نے ثابتقدمی کے سلسلے میں میری مثال پر عمل کِیا ہے۔“
^ یا ”گھنٹے“
^ یعنی خدا کا گھر