یسعیاہ 54:1-17
54 یہوواہ فرماتا ہے: ”اَے بانجھ عورت! تُو جس نے بچے کو جنم نہیں دیا، خوشی سے للکار!
ہاں، تُو جسے کبھی بچے کی پیدائش کی دردیں نہیں لگیں، باغ باغ ہو اور خوشی سے چلّا!
کیونکہ اُجڑی ہوئی عورت کے بیٹے* اُس عورت کے بیٹوں سے کہیں زیادہ ہیں جس کا شوہر* ہے۔
2 اپنے خیمے کو اَور وسیع کر۔
اپنے عالیشان خیمے کے کپڑوں کو پھیلا۔
کوئی کسر نہ چھوڑ، اپنے خیمے کی رسیوں کو لمبا کر
اور اپنے خیمے کی کیلوں کو مضبوط کر
3 کیونکہ تُو دائیں اور بائیں طرف پھیل جائے گی۔
تیری نسل قوموں کی مالک بن جائے گی
اور ویران شہروں کو آباد کرے گی۔
4 ڈر نہیں کیونکہ تجھے رُسوا نہیں کِیا جائے گا
اور شرمندگی محسوس نہ کر کیونکہ تُو مایوس نہیں ہوگی۔
تُو اپنی جوانی کی رُسوائی بھول جائے گی
اور تُو اپنی بیوگی کی ذِلت کو پھر کبھی یاد نہیں کرے گی۔“
5 ”کیونکہ تیرا عظیم خالق تیرے لیے شوہر* کی طرح ہے؛
اُس کا نام فوجوں کا خدا یہوواہ ہے۔
اِسرائیل کا پاک خدا تجھے چھڑانے والا* خدا ہے۔
وہ پوری زمین کا خدا کہلائے گا۔
6 یہوواہ نے تجھے ایسے بُلایا جیسے تُو ایک چھوڑی ہوئی بیوی اور غم کی ماری عورت* ہو،
ہاں، ایک ایسی بیوی جس کی جوانی میں شادی ہوئی ہو اور پھر اُسے ٹھکرا دیا گیا ہو۔“ یہ بات تیرے خدا نے کہی ہے۔
7 ”مَیں نے پَل بھر کے لیے تجھے چھوڑ دیا تھا
لیکن مَیں بڑے رحم سے تجھے واپس اِکٹھا کروں گا۔
8 مَیں نے قہر کی شدت کی وجہ سے پَل بھر کے لیے تجھ سے اپنا چہرہ چھپا لیا تھا
لیکن مَیں اپنی ابدی اٹوٹ محبت کی وجہ سے تجھ پر رحم کروں گا۔“ یہ بات تجھے چھڑانے والے* خدا یہوواہ نے فرمائی ہے۔
9 ”یہ میرے لیے نوح کے زمانے کی طرح ہے۔
جیسے مَیں نے قسم کھائی کہ زمین نوح کے زمانے کی طرح پھر کبھی پانی سے نہیں ڈوبے گی
ویسے ہی مَیں قسم کھاتا ہوں کہ مَیں پھر کبھی تجھ پر غصہ نہیں کروں گا اور نہ ہی تجھے ڈانٹوں گا۔
10 چاہے پہاڑ مٹ جائیں
اور پہاڑیاں ہل جائیں
لیکن تیرے لیے میری اٹوٹ محبت نہیں مٹے گی اور نہ ہی صلح کا میرا عہد ڈگمگائے گا۔“ یہ بات یہوواہ نے فرمائی ہے جو تجھ پر رحم کرتا ہے۔
11 ”اَے مصیبتزدہ، طوفان کی ماری اور تسلی سے محروم عورت!
مَیں مضبوط گارے سے تیرے پتھر لگا رہا ہوں
اور نیلم سے تیری بنیاد ڈال رہا ہوں۔
12 مَیں تیری فصیلیں یاقوت سے،
تیرے دروازے چمکدار پتھروں* سے
اور تیری ساری سرحدیں قیمتی پتھروں سے بناؤں گا۔
13 تیرے سب بیٹے* یہوواہ سے تعلیم پائیں گے
اور تیرے بیٹوں* کا امن* بےاِنتہا ہوگا۔
14 تُو نیکی کی وجہ سے مضبوطی سے قائم ہوگی۔
تُو ظلم سے کوسوں دُور ہوگی؛
تُو کسی چیز سے خوفزدہ نہیں ہوگی اور تیرے پاس ڈرنے کی کوئی وجہ نہیں ہوگی
کیونکہ کوئی ایسی چیز تیرے قریب نہیں پھٹکے گی جو تجھے خوفزدہ کرے۔
15 اگر کوئی تجھ پر حملہ کرے تو وہ میرے حکم پر نہیں ہوگا۔
جو کوئی تجھ پر حملہ کرے گا، وہ تیری وجہ سے گِر جائے گا۔“
16 ”دیکھ! مَیں نے خود کاریگر کو بنایا ہے
جو پھونک مار مار کر کوئلوں سے آگ جلاتا ہے
اور ایک ہتھیار بناتا ہے۔
مَیں نے خود اُس آدمی کو بھی بنایا ہے جو تباہی مچاتا اور بربادی لاتا ہے۔
17 تیرے خلاف بنایا جانے والا کوئی بھی ہتھیار کامیاب نہیں ہوگا
اور تُو اُس زبان کو قصوروار ٹھہرائے گی جو عدالت میں تیرے خلاف چلے گی۔
یہ یہوواہ کے خادموں کی وراثت ہے
اور وہ میری نظر میں نیک ہیں۔“* یہ بات یہوواہ نے فرمائی ہے۔
فٹ نوٹس
^ یا ”بچے“
^ یا ”مالک“
^ یا ”مالک“
^ لفظی ترجمہ: ”واپس خریدنے والا“
^ لفظی ترجمہ: ”زخمی روح“
^ لفظی ترجمہ: ”واپس خریدنے والے“
^ یا ”آتشی پتھروں“
^ یا ”بچے“
^ یا ”بچوں“
^ یا ”صلح؛ اِطمینان“
^ یا ”اُن کی نیکی میری طرف سے ہے۔“