نوجوانوں کے لیے
12. منصوبے بنائیں
اِس کا کیا مطلب ہے؟
منصوبے بنانے کا مطلب محض خواب دیکھنا نہیں ہے۔ حقیقی منصوبے وہ ہوتے ہیں جن کے بارے میں منصوبہسازی کی جاتی ہے، حالات کے مطابق ردوبدل کِیا جاتا ہے اور اِنہیں پورا کرنے کے لیے محنت کی جاتی ہے۔
کچھ منصوبے ایسے ہوتے ہیں جو چند دنوں یا ہفتوں کے لیے ہوتے ہیں، کچھ منصوبے چند مہینوں کے لیے ہوتے ہیں جبکہ کچھ منصوبے ایک سال یا اِس سے زیادہ عرصے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔ لمبے عرصے کے لیے بنائے جانے والے منصوبوں کو پورا کرنے کے لیے چھوٹے چھوٹے منصوبے ایک سیڑھی کا کام کرتے ہیں۔
یہ کیوں اہم ہے؟
جب آپ اپنے منصوبوں کو پورا کرتے ہیں تو آپ کی خوداِعتمادی میں اِضافہ ہو سکتا ہے، دوستیاں مضبوط ہو سکتی ہیں اور خوشی بڑھ سکتی ہے۔
خوداِعتمادی: جب آپ چھوٹے منصوبے بنا کر اِنہیں پورا کرتے ہیں تو آپ کو بڑے منصوبے بنانے کی ہمت ملتی ہے۔ اِس کے علاوہ جب آپ کو مشکلات جیسے کہ اپنے ساتھیوں کے دباؤ کا سامنا ہوتا ہے تو آپ زیادہ اِعتماد کے ساتھ اِن کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
دوستیاں: لوگ اُن لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں جنہیں پتہ ہوتا ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں اور جو اپنے منصوبوں کو پورا کرنے کے لیے محنت کرتے ہیں۔ کسی کے ساتھ دوستی مضبوط کرنے کا ایک اَور بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ اور وہ دونوں ایک ہی منصوبے پر کام کریں۔
خوشی: جب آپ کوئی منصوبہ بناتے ہیں اور اِسے پورا کر لیتے ہیں تو آپ کو خوشی اور اِطمینان حاصل ہوتا ہے۔
”مجھے اپنے لیے منصوبے بنانا اچھا لگتا ہے۔ اِن سے مَیں مصروف رہتا ہوں اور اِنہیں پورا کرنے کی کوشش میں رہتا ہوں۔ جب آپ کوئی منصوبہ پورا کر لیتے ہیں تو آپ کو اچھا لگتا ہے اور آپ سوچتے ہیں کہ ”واؤ، مَیں نے جو سوچا تھا، وہ کر لیا۔““—کرسٹوفر۔
پاک کلام کا اصول: ”جو ہر وقت ہوا کا رُخ دیکھتا رہے وہ کبھی بیج نہیں بوئے گا۔ جو بادلوں کو تکتا رہے وہ کبھی فصل کی کٹائی نہیں کرے گا۔“—واعظ 11:4، اُردو جیو ورشن۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
منصوبے بنانے اور اِنہیں پورا کرنے کے لیے یہ اِقدام اُٹھائیں:
اہمیت کے حساب سے ترتیب دیں۔ ایسے منصوبوں کی فہرست بنائیں جنہیں آپ پورا کرنا چاہتے ہیں۔ پھر اِنہیں اِس حساب سے پہلا، دوسرا یا تیسرا نمبر دیں جس حساب سے آپ اِنہیں پورا کرنا چاہتے ہیں۔
منصوبہسازی کریں۔ ہر منصوبے کے سلسلے میں یہ کریں:
-
طے کریں کہ آپ کتنے عرصے میں یہ منصوبہ پورا کریں گے۔
-
اِسے پورا کرنے کے لیے آپ کو کیا کیا کرنا ہوگا۔
-
سوچیں کہ اِسے پورا کرتے وقت آپ کو کن مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے اور آپ اِنہیں کیسے حل کریں گے۔
عمل کریں۔ اپنے منصوبے پر کام شروع کرنے کے لیے اُس وقت تک اِنتظار نہ کریں جب تک اِس کے حوالے سے سب کچھ ہو نہ جائے۔ خود سے پوچھیں: ”مَیں اپنے منصوبے کو پورا کرنے کے لیے سب سے پہلے کون سا کام کر سکتا ہوں؟“ پھر اُس کام کو کریں۔ اپنے منصوبے کا ہر مرحلہ مکمل ہونے پر اِس بات کا جائزہ لیں کہ آپ کہاں تک پہنچے ہیں۔
پاک کلام کا اصول: ”محنتی شخص کے منصوبے منافعبخش ہوتے ہیں۔“—امثال 21:5، نیو اُردو بائبل ورشن۔