خدا کی بادشاہت کیا کچھ انجام دے گی؟
یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو بتایا کہ اُنہیں بادشاہت کے آنے کے لیے دُعا کرنی چاہیے۔ وہ جانتے تھے کہ زمین پر جو بُرے حالات ہیں، وہ خدا کی مرضی سے نہیں ہیں اور صرف خدا کی بادشاہت ہی بہتر حالات لا سکتی ہے۔ خدا کی بادشاہت کیا کچھ انجام دے گی؟
خدا کی بادشاہت نے اب تک کیا کچھ انجام دیا ہے؟
پچھلے مضمون میں ہم نے دیکھا کہ یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو بادشاہت کے آنے کا جو نشان دیا، وہ ظاہر ہو چُکا ہے۔ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ خدا کی بادشاہت آسمان پر قائم ہو گئی ہے جس کے بادشاہ یسوع مسیح ہیں۔
بائبل میں بتایا گیا تھا کہ جب یسوع مسیح بادشاہ کے طور پر اپنا اِختیار سنبھالیں گے تو وہ شیطان اور بُرے فرشتوں کو آسمان سے نکال دیں گے۔ اور ایسا ہی ہوا۔ اب شیطان کا اِختیار زمین تک محدود ہو کے رہ گیا ہے۔ اور یہ ایک خاص وجہ ہے کہ 1914ء سے زمین پر حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔—مکاشفہ 12:7، 9۔
حالانکہ زمین پر حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں لیکن یسوع مسیح کی حکمرانی کے تحت آج پوری دُنیا میں ایک ایسا کام کِیا جا رہا ہے جس سے بہت سے لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔ یسوع مسیح کی پیشگوئی کے مطابق آج پوری دُنیا میں بادشاہت کی مُنادی اور تعلیم دینے کا کام کِیا جا رہا ہے۔ اِس کام کی وجہ سے بہت سے لوگ بائبل کے اصولوں کو سیکھ رہے ہیں اور اِن پر عمل کر رہے ہیں۔ (یسعیاہ 2:2-4) لاکھوں لوگوں نے سیکھا ہے کہ وہ ملازمت، پیسے اور زندگی کی آسائشوں کو اُس کے صحیح مقام پر کیسے رکھ سکتے ہیں اور اپنی گھریلو زندگی کو بہتر کیسے بنا سکتے ہیں۔ اِن باتوں کو سیکھنے سے اِن لوگوں کو نہ صرف اب فائدہ ہو رہا ہے بلکہ وہ مستقبل میں خدا کی بادشاہت کے تحت رہنے کے لیے تیار بھی ہو رہے ہیں۔
خدا کی بادشاہت آگے کیا کرے گی؟
حالانکہ آسمان پر یسوع مسیح کی حکمرانی چل رہی ہے لیکن زمین پر ابھی بھی اِنسانی حکومتوں کا راج ہے۔ مگر خدا نے یسوع سے کہا ہے: ”تُو اپنے دُشمنوں میں حکمرانی کر۔“ (زبور 110:2) بہت جلد یسوع اپنے تمام دُشمنوں کو ہلاک کر دیں گے اور خدا کی فرمانبرداری کرنے والے لوگوں کو مسئلوں سے رِہائی دِلائیں گے۔
اُس وقت خدا کی بادشاہت یہ اِقدام اُٹھائے گی:
-
جھوٹے مذاہب کو تباہ کرے گی۔ بائبل میں جھوٹے مذاہب کو فاحشہ کہا گیا ہے۔ جھوٹے مذاہب نے خدا کے بارے میں کئی جھوٹ پھیلائے ہیں اور لوگوں کی زندگی کو مشکل بنا دیا ہے۔ جلد ہی یہ تباہوبرباد ہو جائیں گے اور بہت سے لوگ اِس کی تباہی پر ہکابکا رہ جائیں گے۔—مکاشفہ 17:15، 16۔
-
اِنسانی حکومتوں کو ختم کرے گی۔ خدا کی بادشاہت تمام اِنسانی حکومتوں کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کرے گی۔—مکاشفہ 19:15، 17، 18۔
-
بُرے لوگوں کا نامونشان مٹائے گی۔ اُن لوگوں کے ساتھ کیا ہوگا جو بُرائی کرنے پر تُلے رہتے ہیں اور خدا کے حکم ماننے سے اِنکار کرتے ہیں؟ اُن کے بارے میں بائبل میں بتایا گیا ہے: ”شریر زمین پر سے کاٹ ڈالے جائیں گے۔“—امثال 2:22۔
-
شیطان اور بُرے فرشتوں کے اِختیار کو مٹا دے گی۔ شیطان اور بُرے فرشتے ’قوموں کو گمراہ نہیں کر سکیں گے۔‘—مکاشفہ 20:3، 10۔
اِس سب کے بعد خدا کی بادشاہت اُن لوگوں کے لیے کیا کرے گی جو اِس کی حمایت کرتے ہیں؟
خدا کی بادشاہت اِنسانوں کے لیے کیا کرے گی؟
جب یسوع آسمان سے حکمرانی کریں گے تو وہ تمام لوگوں کے لیے وہ سب کچھ کریں گے جو اِنسانی حکمران کبھی نہیں کر پائے۔ اُن کے ساتھ1 لاکھ 44 ہزار اشخاص بھی حکمرانی کریں گے جنہیں اِنسانوں میں سے چُنا جاتا ہے۔ (مکاشفہ 5:9، 10؛ 14:1، 3) یسوع اِس بات کو یقینی بنائیں گے کہ خدا کی مرضی زمین پر پوری ہو۔ خدا کی بادشاہت کے ذریعے لوگوں کو کون سی برکتیں ملیں گی؟
-
بیماری اور موت کا نامونشان مٹ جائے گا۔”وہاں کے باشندوں میں بھی کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں“ اور ’موت نہیں رہے گی۔‘—یسعیاہ 33:24؛ مکاشفہ 21:4۔
-
امن اور سلامتی قائم ہوگی۔ ”تیرے فرزندوں کی سلامتی کامل ہوگی“ اور ”تب ہر ایک آدمی اپنی تاک اور اپنے اِنجیر کے درخت کے نیچے بیٹھے گا اور اُن کو کوئی نہ ڈرائے گا۔“—یسعیاہ 54:13؛ میکاہ 4:4۔
-
لوگوں کو اِطمینانبخش کام سونپا جائے گا۔ ”میرے برگزیدے اپنے ہاتھوں کے کام سے مُدتوں تک فائدہ اُٹھائیں گے۔ اُن کی محنت بےسود نہ ہوگی۔“—یسعیاہ 65:22، 23۔
-
ماحولیاتی مسئلے حل ہو جائیں گے۔ ”بیابان اور ویرانہ شادمان ہوں گے اور دشت خوشی کرے گا اور نرگس کی مانند شگفتہ ہوگا۔“—یسعیاہ 35:1۔
-
لوگوں کو ہمیشہ کی زندگی حاصل کرنے کے لیے تعلیم دی جائے گی۔ ”ہمیشہ کی زندگی صرف وہ لوگ پائیں گے جو تجھے یعنی واحد اور سچے خدا کو اور یسوع مسیح کو قریب سے جانیں گے جسے تُو نے بھیجا ہے۔“—یوحنا 17:3۔
خدا چاہتا ہے کہ آپ یہ برکتیں حاصل کریں۔ (یسعیاہ 48:18) اگلے مضمون میں بتایا جائے گا کہ آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آپ اُن لوگوں میں شامل ہو سکیں جنہیں یہ برکتیں ملیں گی۔