مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سبق 6

کیا مُردے زندہ ہوں گے؟‏

کیا مُردے زندہ ہوں گے؟‏

1.‏ مُردوں کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے؟‏

جب یسوع مسیح زمین پر تھے تو اُن کے دوست لعزر فوت ہو گئے۔‏ لعزر یروشلیم کے نزدیک بیت‌عَنِیاہ نامی ایک گاؤں میں رہتے تھے۔‏ اُن کی دو بہنیں تھیں جن کے نام مارتھا اور مریم تھے۔‏ جب یسوع مسیح بیت‌عَنِیاہ پہنچے تو لعزر کی موت کو چار دن ہو چکے تھے۔‏ یسوع مسیح،‏ مارتھا اور مریم کے ساتھ لعزر کی قبر پر گئے۔‏ جلد ہی کافی لوگ وہاں جمع ہو گئے۔‏ پھر کیا ہوا؟‏ یسوع مسیح نے لعزر کو زندہ کر دیا!‏ یہ دیکھ کر مارتھا اور مریم کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔‏ یوحنا 11:‏21-‏24،‏ 38-‏44 کو پڑھیں۔‏

مارتھا پہلے ہی سے جانتی تھیں کہ مُردوں کے سلسلے میں خوشخبری کیا ہے۔‏ اُن کو پتہ تھا کہ خدا مُردوں کو زمین پر زندہ کرے گا۔‏ یسعیاہ 26:‏19 کو پڑھیں۔‏

2.‏ مرنے کے بعد انسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏

خدا نے آدم سے کہا:‏ ”‏تُو خاک ہے اور خاک میں پھر لوٹ جائے گا۔‏“‏—‏پیدایش 3:‏19‏۔‏

انسان خاک یعنی مٹی سے بنائے گئے ہیں۔‏ (‏پیدایش 2:‏7؛‏ 3:‏19‏)‏ ہمارے جسم میں کوئی ایسی روح موجود نہیں ہے جو مرنے کے بعد زندہ رہتی ہے۔‏ جب جسم مر جاتا ہے تو کچھ بھی زندہ نہیں رہتا۔‏ ہمارا دماغ کام کرنا بند کر دیتا ہے اور اِس لئے ہماری سوچنے سمجھنے کی صلاحیت ختم ہو جاتی ہے۔‏ مُردے بالکل بےخبر ہوتے ہیں۔‏ اِس لئے لعزر نے اُس وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جب وہ موت کی حالت میں تھے۔‏ زبور 146:‏4؛‏ واعظ 9:‏5،‏ 10 کو پڑھیں۔‏

کیا خدا مُردوں کو دوزخ میں تڑپاتا ہے؟‏ چونکہ پاک صحیفوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مُردے بالکل بےخبر ہیں اِس لئے یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ اُنہیں دوزخ میں تڑپایا جائے۔‏ دوزخ کا عقیدہ صحیح نہیں ہے۔‏ اِس عقیدے سے خدا کو ایک ظالم خدا کے طور پر پیش کِیا جاتا ہے۔‏ خدا کو تو اِس خیال سے ہی نفرت ہے کہ لوگوں کو آگ میں جھونک کر تڑپایا جائے۔‏ یرمیاہ 7:‏31 کو پڑھیں۔‏

ویڈیو:‏ ‏”‏مرنے کے بعد اِنسان کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟‏“‏ دیکھیں۔‏

3‏.‏ کیا مُردے ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں؟‏

مُردے نہ تو بول سکتے ہیں اور نہ ہی سُن سکتے ہیں۔‏ (‏زبور 115:‏17‏)‏ لیکن کبھی‌کبھار شیطان کے فرشتے لوگوں سے بات کرکے اُنہیں یہ تاثر دیتے ہیں کہ مُردے اُن سے بات کر رہے ہیں۔‏ (‏2-‏پطرس 2:‏4‏)‏ یہوواہ خدا اپنے بندوں کو مُردوں سے رابطہ کرنے سے منع کرتا ہے۔‏ یسعیاہ 8:‏19 کو پڑھیں۔‏

4.‏ کن لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا؟‏

کروڑوں مُردوں کو زمین پر زندہ کِیا جائے گا۔‏ اُن میں کچھ ایسے لوگ بھی شامل ہوں گے جو خدا کے بارے میں نہیں جانتے تھے اور جنہوں نے بُرے کام کئے تھے۔‏ لوقا 23:‏43؛‏ اعمال 24:‏15 کو پڑھیں۔‏

جن لوگوں کو زندہ کِیا جائے گا،‏ وہ خدا کے بارے میں سیکھیں گے۔‏ اُنہیں یہ موقع ملے گا کہ وہ اپنے اعمال سے یسوع مسیح پر ایمان ظاہر کریں۔‏ (‏مکاشفہ 20:‏11-‏13‏)‏ جو لوگ اُس وقت نیکی کی راہ پر چلیں گے،‏ اُنہیں زمین پر ہمیشہ کی زندگی ملے گی۔‏ یوحنا 5:‏28،‏ 29 کو پڑھیں۔‏

5.‏ یہ جان کر کہ مُردے زندہ ہوں گے،‏ ہم یہوواہ خدا کے بارے میں کیا سیکھتے ہیں؟‏

مُردوں کا زندہ ہونا اِس لئے ممکن ہوا کیونکہ خدا نے یسوع مسیح کو زمین پر بھیجا تاکہ وہ ہماری خاطر اپنی جان دیں۔‏ اِس سے ہم یہوواہ خدا کی محبت اور مہربانی کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔‏ جب مُردے زندہ ہوں گے تو آپ خاص طور پر کس سے ملنا چاہیں گے؟‏ یوحنا 3:‏16؛‏ رومیوں 6:‏23 کو پڑھیں۔‏