حصہ 3
آپ مسئلوں کو کیسے حل کر سکتے ہیں؟
”آپس میں بڑی محبت رکھو کیونکہ محبت بہت سے گُناہوں پر پردہ ڈال دیتی ہے۔“—1-پطرس 4:8
شادی کے بعد آپ اور آپ کے جیونساتھی کو مختلف مسائل کا سامنا ہوگا۔ بعض مسائل شاید اِس لیے پیدا ہوں کیونکہ آپ دونوں کی سوچ، احساسات اور عادتیں ایک دوسرے سے فرق ہیں جبکہ بعض مسائل شاید آپ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات یا دوسرے لوگوں کی وجہ سے پیدا ہوں۔
کچھ لوگ ایسے مسائل سے نظریں چراتے ہیں۔ لیکن خدا کے کلام میں نصیحت کی گئی ہے کہ ہم اپنے مسئلوں کو حل کرنے کی کوشش کریں۔ (متی 5:23، 24) خدا کے کلام کے اصولوں کی مدد سے آپ اپنے مسائل کا بہترین حل نکال سکتے ہیں۔
1 مسئلے پر بات کریں
خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟ ”بولنے کا ایک وقت ہے۔“ (واعظ 3:1، 7) اپنے مسئلے پر بات کرنے کے لیے وقت نکالیں۔ اپنے جیونساتھی کو سچ سچ بتائیں کہ آپ اِس مسئلے کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں۔ آپ کو ایک دوسرے سے ہمیشہ ’سچ بولنا‘ چاہیے۔ (افسیوں 4:25) اگر آپ کو غصہ آ بھی جائے تو تب بھی جھگڑا نہ کریں۔ نرمی سے جواب دینے سے آپ اپنی باتچیت کو جھگڑے کی نوبت تک پہنچنے سے روک سکتے ہیں۔—امثال 26:20؛ 2-تیمتھیس 2:24۔
اگر آپ کسی بات پر متفق نہیں ہیں تو پھر بھی اپنے جیونساتھی کے ساتھ محبت اور احترام سے پیش آئیں۔ (کلسیوں 4:6) مسئلے کو حل کرنے میں دیر نہ لگائیں اور آپس میں بات کرنا بند نہ کریں۔—افسیوں 4:26۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
مسئلے پر بات کرنے کے لیے کوئی مناسب وقت طے کریں۔
-
جب آپ کا جیونساتھی بات کر رہا ہو تو اُس کی بات نہ کاٹیں بلکہ اپنی باری کا اِنتظار کریں۔
2 سنیں اور سمجھیں
خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟ ”ایک دوسرے کو پیار کرو۔ عزت کے رُو سے ایک دوسرے کو بہتر سمجھو۔“ (رومیوں 12:10) اپنے جیونساتھی کے نقطۂنظر کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ اِس کے لیے آپ کو ’ہمدردی اور فروتنی‘ کی ضرورت ہے۔ (1-پطرس 3:8؛ یعقوب 1:19) اپنے جیونساتھی کو محض یہ تاثر نہ دیں کہ آپ اُس کی بات سُن رہے ہیں بلکہ پوری توجہ سے اُس کی بات سنیں۔ اگر ممکن ہو تو اپنا کام بند کر دیں۔ یا پھر اُس سے پوچھیں کہ ”کیا ہم بعد میں اِس بارے میں بات کر سکتے ہیں؟“ اگر آپ اپنے جیونساتھی کو اپنے مخالف کی بجائے اپنا قریبی دوست سمجھیں گے تو آپ ”خفا ہونے میں جلدی“ نہیں کریں گے۔—واعظ 7:9۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
اپنے جیونساتھی کے نظریے کو سمجھنے کی کوشش کریں، چاہے آپ اُس سے متفق ہوں یا نہیں۔
-
یہ اندازہ لگانے کی کوشش کریں کہ آپ کا جیونساتھی اصل میں کیا کہنا چاہ رہا ہے۔ اُس کے تاثرات اور لہجے پر بھی غور کریں۔
3 اپنے فیصلوں پر عمل کریں
خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟ ”ہر طرح کی مشقت میں منافع ہے، لیکن خالی باتیں کرنا غربت تک پہنچاتا ہے۔“ (امثال 14:23، نیو اُردو بائبل ورشن) مسئلے کا اچھا حل نکالنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ جو فیصلہ آپ نے کِیا ہے، آپ کو اُس پر عمل بھی کرنا چاہیے۔ اِس کے لیے شاید آپ کو سخت کوشش کرنے کی ضرورت ہو لیکن آپ کی محنت ضرور پھل لائے گی۔ (امثال 10:4) اگر آپ مل کر اپنے مسئلوں کو سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں تو اِس سے آپ کو ”بڑا فائدہ“ ہوگا۔—واعظ 4:9۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
یہ فیصلہ کریں کہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے آپ دونوں میں سے ہر ایک کونسے قدم اُٹھائے گا۔
-
وقتاًفوقتاً اِس بات کا جائزہ لیں کہ آپ اپنی کوششوں میں کس حد تک کامیاب ہوئے ہیں۔