یہوواہ کے گواہ صلیب کیوں نہیں اِستعمال کرتے؟
بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ صلیب (یعنی کراس) کا نشان مسیحیوں کی پہچان ہے۔ حالانکہ ہم مسیحی ہیں لیکن ہم صلیب اِستعمال نہیں کرتے۔ اِس کی کیا وجہ ہے؟
اِس کی ایک وجہ یہ ہے کہ پاک کلام کے مطابق یسوع مسیح صلیب پر نہیں مرے۔ کتابِ مُقدس میں جس یونانی لفظ کا ترجمہ ”صلیب“ کِیا گیا ہے، اُس کا مطلب ہے: ”ایک سیدھی بَلّی یا کھمبا۔“ دوسری وجہ یہ ہے کہ پاک کلام میں مسیحیوں کو تاکید کی گئی ہے کہ ”بُت پرستی سے بھاگو۔“ صلیب یا کسی اَور نشان کے ذریعے خدا کی عبادت کرنا بھی ایک طرح کی بُت پرستی ہے۔—1-کُرنتھیوں 10:14؛ 1-یوحنا 5:21۔
یسوع مسیح نے کہا تھا کہ ”اگر آپس میں محبت رکھو گے تو اِس سے سب جانیں گے کہ تُم میرے شاگرد ہو۔“ (یوحنا 13:34، 35) اِس طرح اُنہوں نے واضح کِیا کہ اُن کے پیروکاروں کی پہچان سچی محبت سے ہوگی، صلیب یا کسی اَور نشان سے نہیں۔