کیا یہوواہ کے گواہ پُرانے عہدنامے پر ایمان رکھتے ہیں؟
جی ہاں۔ یہوواہ کے گواہ مانتے ہیں کہ پوری بائبل ”خدا کے اِلہام سے ہے۔“ (2-تیمُتھیُس 3:16) اِس میں پُرانا عہدنامہ بھی شامل ہے اور نیا عہدنامہ بھی۔ یہوواہ کے گواہ عموماً پُرانے عہدنامے کو عبرانی صحیفے اور نئے عہدنامے کو یونانی صحیفے کہتے ہیں۔ اِس طرح وہ یہ تاثر نہیں دیتے کہ بائبل کے کچھ حصے پُرانے ہیں اور ہمارے زمانے کے لیے عملی نہیں ہیں۔
مسیحیوں کو پُرانے عہدنامے اور نئے عہدنامے دونوں پر ایمان کیوں رکھنا چاہیے؟
یسوع مسیح کے پیروکار پولُس نے خدا کے اِلہام سے لکھا: ”جتنی باتیں پہلے لکھی گئیں وہ ہماری تعلیم کے لئے لکھی گئیں۔“ (رومیوں 15:4) اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عبرانی صحیفوں میں ہمارے لیے بہت ہی فائدہ مند معلومات درج ہیں۔ اِن میں بہت اہم تاریخی واقعات اور عملی ہدایات پائی جاتی ہیں۔
اہم تاریخی واقعات۔ عبرانی صحیفوں میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ کائنات کو کیسے بنایا گیا اور اِنسان گُناہ میں کیسے پڑ گئے۔ اگر ہمارے پاس یہ ساری معلومات نہ ہوتیں تو ہمیں ایسے سوالوں کے تسلی بخش جواب نہ ملتے کہ اِنسان کیسے وجود میں آئے؟ اور اِنسان کیوں مرتے ہیں؟ (پیدایش 2:7، 17) عبرانی صحیفوں سے ہمیں پتہ چلتا ہے کہ قدیم زمانے میں بھی خدا کے بندے ہمارے جیسے احساسات رکھتے تھے۔ (یعقوب 5:17) ہم عبرانی صحیفوں سے یہ بھی سیکھتے ہیں کہ یہوواہ خدا فرق فرق حالات میں اپنے بندوں کے ساتھ کس طرح پیش آیا۔
عملی ہدایات۔ عبرانی صحیفوں میں امثال اور واعظ کی کتابیں شامل ہیں جن میں ہر زمانے کے لوگوں کے لیے عملی مشورے پائے جاتے ہیں۔ اِن میں بتایا گیا ہے کہ ہم خوش گوار گھریلو زندگی کیسے گزار سکتے ہیں (امثال 15:17)، ہم ملازمت کے سلسلے میں صحیح نظریہ کیسے رکھ سکتے ہیں (امثال 10:4؛ واعظ 4:6) اور نوجوان اپنی زندگی میں حقیقی خوشی کیسے حاصل کر سکتے ہیں (واعظ 11:9–12:1)۔
عبرانی صحیفوں میں موسیٰ کی شریعت بھی شامل ہے جو بنی اِسرائیل کو دی گئی تھی۔ حالانکہ یہ شریعت مسیحیوں پر لاگو نہیں ہوتی لیکن اِس میں کچھ ایسے اصول پائے جاتے ہیں جن پر عمل کرنے سے ہم خوش گوار زندگی گزار سکتے ہیں۔—احبار 19:18؛ اِستثنا 6:5-7۔