اُنہوں نے بنگالی کیوں سیکھی؟
حال ہی میں شہر نیو یارک کے علاقے کوئنز میں یہوواہ کے گواہوں نے بنگالی زبان سکھانے کے لیے ایک کورس منعقد کِیا جس میں 23 یہوواہ کے گواہ شامل تھے۔ اِس کورس کو اِس طرح ترتیب دیا گیا کہ یہ زبان جلدی سیکھی جا سکے۔
یہوواہ کے گواہ امریکہ اور دیگر ملکوں میں دوسری زبانیں سکھانے کے لیے کورس منعقد کرتے رہتے ہیں اور بنگالی زبان کا یہ کورس بھی اِسی سلسلے کی ایک کڑی تھا۔ یہ کورس اِس لیے منعقد کیے جاتے ہیں تاکہ کورس کرنے والے لوگ دوسری زبان میں پاک کلام کا پیغام سنانے کے قابل ہوں۔
مگالی جو بنگالی کورس کی اِس کلاس میں شامل تھیں، اُنہوں نے کہا: ”ہمارے علاقے میں بنگالی بولنے والے لوگوں کی تعداد دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔ لوگ بہت سے سوالوں کے جواب ڈھونڈ رہے ہیں، مثلاً دُنیا میں اِتنا زیادہ دُکھ تکلیف کیوں ہے؟ جب مَیں لوگوں کو مستقبل کے بارے میں خدا کے وعدوں کے متعلق بتاتی ہوں تو وہ اَور جاننا چاہتے ہیں۔ لیکن مَیں اُن کی زبان نہیں بول سکتی اِس لیے مجھے مزید وضاحت کرنا مشکل لگتا ہے۔“
اِس بنگالی کورس میں کئی دلچسپ طریقے اِستعمال کیے گئے تاکہ طالبِ علم زیادہ جلدی سیکھ جائیں۔ مثال کے طور پر ایک طریقہ یہ تھا کہ جب طالبِ علموں کو بنگالی زبان کا کوئی لفظ سکھایا جائے تو وہ ساتھ میں کچھ اِشارے بھی کریں۔ اِس طریقے سے لفظوں کو یاد رکھنا زیادہ آسان ہو جاتا ہے۔
طالبِ علم جو کچھ کلاس میں سیکھتے تھے، اُسے فوراً اِستعمال بھی کرتے تھے۔ ہر کلاس کے بعد وہ اپنے علاقے میں بنگالی بولنے والے لوگوں سے ملتے تھے اور اُن کے ساتھ پاک کلام کے کسی موضوع پر بات کرتے تھے۔ مگالی کہتی ہیں: ”لوگ یہ سُن کر بہت متاثر ہوتے ہیں کہ مَیں بنگالی زبان سیکھ رہی ہوں۔ وہ جاننا چاہتے ہیں کہ مَیں اُن کی زبان سیکھنے کے لیے اِتنی محنت کیوں کر رہی ہوں۔ جب مَیں اُنہیں اِس کی وجہ بتاتی ہوں تو وہ سمجھ جاتے ہیں کہ ہمارا پیغام کتنا اہم ہے۔“
یہوواہ کے گواہ صرف زبان سکھانے کے لیے کورس منعقد نہیں کرتے بلکہ ایسے سیمینار بھی منعقد کرتے ہیں جن میں یہ کورس کرانے کی تربیت دی جاتی ہے۔ جنوری 2006ء سے جنوری 2012ء تک صرف امریکہ کی برانچ کے علاقے میں کوئی 38 سیمینار منعقد ہوئے جن میں 2244 یہوواہ کے گواہوں کو کورس کرانے کے لیے تربیت فراہم کی گئی۔ 1 ستمبر 2012ء تک یہوواہ کے گواہوں نے امریکہ کی برانچ کے علاقے میں 37 زبانوں میں 1500 سے زیادہ کورس کرائے۔